اووری ٹشو کے انجماد کے بارے میں

اشتراک کریں
مطالعے کا وقت: بارے میں 4 منٹس

یہ معلومات کینسر میں مبتلا نوجوان خواتین کے لیے اووری ٹشو کے انجماد کی وضاحت کرتی ہیں اور چند عمومی پوچھے جانے والے سوالات کے جواب دیتی ہیں۔ اووری ٹشو کے انجماد کو بعض اوقات اووری کا کرایوتحفظ یا اووری ٹشو کی بینکنگ کہتے ہیں۔

اس دستاویز میں آگے تمام جگہوں پر، ’’آپ‘‘ اور ’’آپ کا/کے‘‘ کے الفاظ آپ یا آپ کے بچے کے لیے ہوں گے۔

اووری ٹشو کا انجماد کیا ہے؟

کینسر کے بعض معالجات آپ میں بار آوری (حیاتیاتی طور پر بچہ پیدا کرنے کی صلاحیت) کو متاثر کرسکتے ہیں۔ اووری ٹشو کا انجماد آپ کا علاج شروع کرنے سے پہلے آپ کے اووری ٹشو کو نکالنے، منجمد کرنے اور محفوظ کرنے کا ایک طریقۂ کار ہے۔ اس طرح انہیں آپ کے علاج کے دوران نقصان پہنچنے سے تحفظ ملتا ہے تاکہ آپ مستقبل میں حاملہ ہونے کے لیے انہیں استعمال کرسکیں۔

اووری ٹشو کے انجماد کا عمل آپ کے کینسر کا علاج شروع ہونے سے پہلے آپ کی کوئی 1 اووری نکال کر کیا جاتا ہے۔ آپ کے بیضوں کو تھامنے والا آپ کی اووری کا حصہ آپ کی باقی ماندہ اووری سے علیحدہ کرلیا جاتا ہے۔ پھر، آپ کے ٹشو کو منجمد اور محفوظ کرلیا جاتا ہے۔

جب آپ حاملہ ہونے کی کوشش کے لیے تیار ہوتی ہیں، تو اس ٹشو کو دوبارہ آپ کے جسم میں داخل کرنے کے لیے آپ کو ایک طریقۂ کار سے گزارا جائے گا۔ اگر آپ کینسر کے علاج کے بعد بچہ پیدا کرنے کی صلاحیت کھو چکی ہوں، تو اس ٹشو کا استعمال کرنا آپ کو حاملہ ہونے میں مدد دے سکتا ہے۔

MSK یہ سروس فراہم کرنے کے لیے Weill Cornell کا سینٹر برائے تولیدی ادویہ کے ساتھ کام کرتا ہے۔

اووری ٹشو کے انجماد سے گزرنے کی اہل خاتون کون ہے؟

اووری ٹشو کے انجماد کا آپشن ہر ایک کے لیے نہیں ہوتا۔ آپ درج ذیل صورتوں میں اووری ٹشو کے انجماد کی اہل ہوسکتی ہیں:

  • آپ کے کینسر کے علاج سے آپ کے بہت زیادہ بیضے ضائع ہوچکے ہوں۔ اس سے آپ علاج کے بعد عدم بارآوری (فطری طور پر حاملہ ہونے کے قابل نہ رہنا) کے بلند خطرے سے دوچار ہو جائیں۔
  • یہ آپشن آپ کے لیے کارگر ہونے کے لیے آپ کے پاس مناسب مقدار میں بیضے ہوں۔ اگر آپ کی عمر 40 سال سے زیادہ ہو یا ماضی میں کینسر کے علاج سے آپ کے زیادہ تر بیضے ضائع ہوچکے ہوں جس کے باعث آپ کے پاس زیادہ بیضے نہ ہوں۔
  • آپ علاج سے پہلے اپنے بیضے یا ایمبریوز کو منجمد نہیں کروا سکتیں۔ اگرچہ بیضے یا ایمبریو کا انجماد بارآوری کے تحفظ کے لیے بہترین آپشن ہے، لیکن ہر عورت اس عمل سے نہیں گزر سکتی۔
    • آپ درج ذیل صورتوں میں اپنے بیضے یا ایمبریوز کو منجمد نہیں کروا سکتیں:
      • آپ بہت چھوٹی ہوں۔ بلوغت سے پہلے، خواتین میں پختہ بیضے نہیں ہوتے۔
      • آپ اپنے کینسر کے علاج میں تاخیر نہیں کرسکتیں کیونکہ آپ کے بیضوں یا ایمبریوز کو منجمد کرنے میں 2 ہفتے لگتے ہیں۔
      • آپ کی حال ہی میں کیموتھراپی ہوئی ہو۔

اووری ٹشو کو کیسے نکالا اور منجمد کیا جاتا ہے؟

اووری ٹشو کے انجماد میں پہلا قدم آپ کی ایک اووری کو نکالنے کے لیے سرجری کرنا ہے۔ یہ سرجری یا تو MSK یا Weill Cornell میں انجام دی جائے گی۔ اگر آپ کی عمر 13 سال یا اس سے کم ہو، یا آپ یہاں بے حس کرنے والی دوا کے ساتھ کسی اور عمل سے گزر رہی ہوں تو یہ سرجری MSK میں ہوگی۔ اگر آپ کی عمر 14 سال یا اس سے زیادہ ہو، اور MSK میں آپ کسی اور عمل سے نہ گزر رہی ہوں، تو یہ سرجری Weill Cornell میں ہوگی۔

آپ کی اووری نکالے جانے کے بعد، ہم اسے Weill Cornell کی ایک خصوصی لیب میں بھیجیں گے۔ اووری کی بیرونی تہہ، جس میں بیضے ہوتے ہیں، نکال لی جائے گی۔ پھر، اسے چھوٹے حصوں میں تقسیم کرکے منجمد کرلیا جائے گا۔

آپ کے ٹشو کا چھوٹا حصہ Weill Cornell کو بھیجا جائے گا تاکہ وہ اسے ریسرچ کے لیے استعمال کرسکیں۔ یہ ریسرچ اووری ٹشو کو دوبارہ جسم میں داخل کرنے کا بہترین طریقہ تلاش کرنے میں مدد دے گی تاکہ ٹشو میں بیضے افزائش پائیں۔ اس ریسرچ سے پیدا شدہ بیضوں کو بارآور نہیں کیا جائے گا، نہ ہی کسی اور مقصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ باقی ماندہ اووری ٹشو مستقبل میں استعمال کی غرض سے آپ کے لیے محفوظ کرلیے جائیں گے۔

اگر میں مستقبل میں بچے پیدا کرنے کی کوشش کے لیے ٹشو کے استعمال کے لیے تیار ہوں تو کیا ہوگا؟

جب آپ حمل کی کوشش کے لیے تیار ہوں گی تو ٹشو کو پگھلا لیا جائے گا۔ پھر، ٹشو کو دوبارہ آپ کے جسم میں داخل کرنے کے لیے آپ کی معمولی سرجری ہوگی۔ آپ کا سرجن ٹشو کو آپ کی باقی ماندہ اووری پر یا آپ کی نکالی گئی اووری کے حصے کے قریب ٹشو کو لگا دے گا۔ ٹشو کو کام شروع کرنے کے لیے کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔ امید یہ ہے کہ اس ٹشو میں بیضے پختہ ہو جائیں گے تاکہ آپ حمل کی کوشش کرسکیں۔

بعض خواتین فطری طور پر حمل پا لیں گی اور بعض کو مصنوعی بارآوری (in vitro fertilization (IVF)) کی ضرورت ہوگی۔ IVF کی صورت میں، آپ کے جسم سے پختہ بیضے نکال لیے جاتے ہیں اور انہیں ایمبریوز بنانے کے لیے انہیں اسپرم کے ساتھ لیب میں بارآور کیا جاتا ہے۔ پھر، حمل کی کوشش کے لیے ایمبریوز کو آپ کے رحم میں داخل کیا جاتا ہے۔

ڈاکٹرز یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ٹشو کو دوبارہ جسم میں داخل کیے بغیر بیضوں کو لیب میں کیسے پختہ کیا جاسکتا ہے۔ اسے مصنوعی پختگی (in vitro maturation) کہتے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ مستقبل میں ایسا ممکن ہوسکے گا۔

اووری ٹشو کا انجماد کتنا کامیاب ہے؟

  • منجمد اووری ٹشو سے تقریباً 200 بچے پیدا ہوچکے ہیں۔ آدھی تعداد میں خواتین فطری طور پر حاملہ ہوئیں، اور آدھی خواتین IVF کے بعد حاملہ ہوئیں۔
  • حالیہ تحقیقی جائزوں کی بنیاد پر، ہر 10 میں سے تقریباً 4 خواتین جنہوں نے منجمد اووری ٹشو کی مدد سے حمل کی کوشش کی، کامیاب رہیں۔
  • زیادہ تر خواتین جو منجمد اووری ٹشو کی مدد سے حاملہ ہوئیں، انہوں نے بلوغت کے بعد اپنا ٹشو نکلوا لیا تھا۔ اب تک صرف 1 خاتون کا بچہ ٹشو استعمال کرکے ہوا ہے جوکہ اُس وقت نکال لیا گیا تھا جب وہ بچی تھیں۔ زیادہ تر خواتین جن کا ٹشو بلوغت تک پہنچنے سے پہلے نکالا گیا تھا، انہوں نے اسے اب تک استعمال کرنے کی کوشش نہیں کی۔
  • اب تک مصنوعی پختگی کی مدد سے کوئی بچہ پیدا نہیں ہوا ہے۔
  • جب خواتین کے اووری ٹشو کو دوبارہ ان کے جسم میں داخل کیا گیا تو تقریباً تمام خواتین کی اووری نے دوبارہ کام کرنا شروع کر دیا تھا۔ اوسطاً، یہ ٹشو آپ کے جسم میں داخل کیے جانے کے بعد 5 سال تک کے لیے کارآمد ہوتا ہے۔ یہ ٹشو ہارمون ایسٹروجن بنانا شروع کرتا ہے، جو سن یاس (جب ماہواری آنا بند ہو جاتی ہے) کی شروعات میں تاخیر کرتا ہے۔

یہ جاننے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے کہ آیا ٹشو کا انجماد آپ کے لیے کارآمد ہوگا یا نہیں۔ ڈاکٹرز کامیابی کی شرح کو بہتر بنانے کے لیے طریقے تلاش کرنے پر کام کر رہے ہیں۔

میں کیسے شروع کرسکتی ہوں؟

اگر آپ اپنے اووری ٹشو کے انجماد میں دلچسپی رکھتی ہیں تو اپنے معالج سے بات کریں۔ وہ آپ کو مشورے کے لیے Weill Cornell میں تولیدی اینڈوکرائنولوجسٹ (بارآوری کے اسپیشلسٹ) کے پاس بھیجیں گے۔

آپ کا Weill Cornell ڈاکٹر تصدیق کرے گا آیا آپ اس عمل کی اہل ہیں یا نہیں۔ وہ پورا عمل آپ کو سمجھائیں گے اور اخراجات پر آپ سے بات کریں گے۔ وہ دستخط کے لیے آپ کو رضامندی فارمز بھی دیں گے۔ ان فارمز پر درج ہوگا کہ آپ اس عمل پر رضامند ہیں اور خطرات کو سمجھتی ہیں۔

اگر آپ کسی دوسرے سینٹر یا بارآوری اسپیشلسٹ کے پاس اپنے اووری ٹشو کا انجماد چاہتی ہوں، تو ہم آپ کا ٹشو انہیں بھجوا دیں گے۔

اووری ٹشو کے انجماد پر کتنا خرچہ آتا ہے؟

اووری ٹشو کے انجماد کے ہر مرحلے کے لیے مختلف لاگتیں ہیں۔ بعض انشورنس پلانز سرجری کی لاگت کو کوریج دیتے ہیں۔ لیکن اپنے ٹشو کو منجمد اور محفوظ کرنے کے لیے آپ کو اپنی جیب سے (ذاتی رقم) ادا کرنی ہوگی۔

اپنی سرجری کے لیے انشورنس کوریج کے حصول کے طریقے پر مزید معلومات کے لیے، مریض کی مالیاتی سروسز کو 3810-639-212 پر کال کریں۔

اپنے ٹشو کو منجمد اور محفوظ کرنے کی لاگت کے بارے میں مزید معلومات کے لیے، Weill Cornell کے بلنگ آفس کو 0343-880-855 پر کال کریں۔

مجھے اووری ٹشو کے انجماد کے بارے میں مزید کیا جاننا چاہیے؟

کینسرز کی بعض اقسام میں، یہ خطرہ موجود ہے کہ کینسر زدہ خلیات آپ کی اووری میں چھپے ہوئے ہوں۔ تحقیقی جائزوں سے ہمیں یہ پتہ لگانے میں مدد ملی ہے کہ کونسے کینسرز ایسا ہونے کا سب سے زیادہ خطرہ پیدا کرتے ہیں۔ صرف انہی خواتین کو اووری ٹشو کے انجماد کی پیشکش کی جائے گی جن کی اووری میں کینسر زدہ خلیات ہونے کا خطرہ بہت کم ہو۔ اپنے کینسر کی قسم اور علاج کے طریقے کی بنیاد پر خود کو لاحق خطرے کے بارے میں اپنے معالج سے بات کریں۔

اووری ٹشو کے انجماد کے بارے میں مزید معلومات کے لیے، اپنے معالج سے کہیں کہ وہ آپ کا رابطہ بارآوری کی نرس اسپیشلسٹ سے کروائے۔ وہ اس عمل کے بارے میں آپ کے سوالات کے جواب دے گی اور مزید جاننے کے لیے Weill Cornell میں آپ کا اپائنٹمنٹ طے کروانے میں مدد دے گی۔

آخری اپ ڈیٹ شدہ

جمعرات, مارچ 16, 2023